ملتان 13 فرو ری)اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلع ملتان میں “ایک دن، ایک تحصیل” مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت تحصیل سٹی میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کے وسائل کو یکجا کرکے مربوط حکمت عملی کے تحت فیلڈ آپریشن جاری ہے۔ مہم کے دوران واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی ملتان (واسا)، ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مشترکہ ٹیمیں متحرک ہیں، جو صفائی، نکاسی آب اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کررہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ اس سلسلے میں ضلعی محکموں کے کارکردگی جائزہ اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونگے جس میں جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ کی صفائی اور سیوریج لائنز کی کلیئرنس کا عمل تیز کیا جائے، تاکہ نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جاسکے۔ مزید برآں پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ملتان کو پارکس کی تزئین و آرائش اور گرین بیلٹس کی اپ گریڈیشن کا خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیرا فورس کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا ہے، جس کے دوران غیرقانونی قبضے ختم کروا دیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ”ایک دن، ایک تحصیل“ مہم کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا، تاکہ ضلع بھر میں صفائی، نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ مہم شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک موثر قدم ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔











