لاہور: 14 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت کچے کے علاقوں میں کامیاب آپریشن پر ضلعی امن کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس سلسلے میں ضلعی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، اراکین امن کمیٹی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جہاں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور رمضان المبارک کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اور شہر میں امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنے کلیدی کردار کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں علما کرام کیلئے اعزازیہ، مساجد کی صفائی، سہولت بازاروں اور “سہولت آن دی گو” بازاروں کے قیام سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں کم از کم دو افطار دسترخوان لگائے جائیں گے جبکہ مستحق افراد کیلئے “رمضان نگہبان کارڈز” کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔ مساجد کے اطراف صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ مزید برآں رمضان آرڈیننس اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے اور یومِ علیؓ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اس موقع پر علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوامی بہبود کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے اور علمائے کرام امن و اخوت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ علمائے کرام اور عوام کے تعاون سے رمضان المبارک کو پرامن بنایا جائے گا، ماہِ صیام میں مساجد کی “ڈیپ کلیننگ” کی جائے گی جبکہ قانون کی پاسداری اور احترامِ رمضان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔











