اسلام آباد، 19فروری(اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دعوت پر واشنگٹن میں غزہ کے بارے میں بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کےلئے امریکہ کے دورے پر ہیں۔
جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے علاوہ وزیرِاعظم اعلیٰ امریکی قیادت اور اجلاس میں شریک اپنے ہم منصب رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ موقع دوطرفہ تعلقات اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکرکی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 15 سے 16 فروری تک ویاناکا سرکاری دورہ کیا، یہ گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیرِ اعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ تھا جس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے مذاکرات کئے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے آسٹریا کے وفاقی چانسلر کے ساتھ وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کیے، دونوں جانب تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، آئی ٹی، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جو کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی قانون کی مشترکہ حمایت پر مبنی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ویانا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے امن اور ترقی کے مابین گہرے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی نظام سے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، تقریب میں ویانا میں قائم اقوامِ متحدہ کے اداروں کے سربراہان اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
ترجمان نے کہا کہ ویانا میں نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو مضبوط بنانے کےلئے تین اہم معاہدوں پر دستخط کئے۔ ترجمان نے کہا کہ ویانا میں وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی سے ملاقات کی جس میں نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ترجمان نے کہا کہ ملاقات میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال، عالمی جوہری تحفظ اور سلامتی کے فروغ میں آئی اے ای اے کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے 17 فروری کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت اور بعد ازاں ان سے ملاقات کی۔ ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر نے بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیرِ اعظم کو وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد دی اور جلد از جلد پاکستان کے دورے کی دعوت پہنچائی۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ملاقات میں بنگلہ دیش سے تعلیم، تجارت، رابطہ کاری، سارک کی بحالی، عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔











