اسلام آباد، 20 فروری (اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے اندر مثبت تبدیلی لانے اور معاشرے میں خیر کو فروغ دینے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مقدس مہینے میں مستحق افراد کی مدد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
رمضان المبارک کے حوالے سے اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ مہینہ انسان کو خود احتسابی، صبر اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد اپنی خوشیوں میں نادار اور کمزور طبقات کو شریک کریں تاکہ حقیقی معنوں میں ہمدردی اور مساوات کا تصور فروغ پا سکے۔
روبینہ خالد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی کا حق تلف نہ کیا جائے اور ضرورت مندوں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان کے مطابق رمضان کا اصل پیغام آسانیاں پیدا کرنا، منفی رویّوں سے اجتناب اور باہمی احترام کو مضبوط بنانا ہے۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے دعا کی کہ یہ بابرکت مہینہ ملک و قوم کے لیے رحمت، برکت اور اجتماعی فلاح کا باعث بنے اور معاشرے میں خدمت اور اخوت کے جذبے کو مزید تقویت دے۔











