ملتان غلہ منڈی میں تجاوزات کے خلاف تاریخی آپریشن، درجنوں پختہ تعمیرات مسمار، سرکاری اراضی واگزار

17

ملتان،21 فروری (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ نے غلہ منڈی میں عرصہ دراز سے قائم تجاوزات کے خلاف بڑا اور منظم آپریشن کرتے ہوئے درجنوں غیرقانونی پختہ و عارضی تعمیرات مسمار کر دیں۔ آپریشن ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا جس میں پیرا فورس، میونسپل کارپوریشن، ریونیو سٹاف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔انتظامیہ کی جانب سے علی الصبح کارروائی کا آغاز کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ بھاری مشینری کے ذریعے سرکاری اراضی پر قائم تھڑے، شیڈز، دیواریں اور دیگر غیرقانونی ڈھانچے مسمار کیے گئے جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق کئی مقامات پر پختہ تعمیرات بھی گرائی گئیں جو طویل عرصے سے قائم تھیں اور ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ کا باعث بن رہی تھیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غلہ منڈی میں غیرقانونی قبضوں کے باعث نہ صرف ٹریفک جام معمول بن چکا تھا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی تھیں۔ آپریشن کے بعد مرکزی راستے کھل گئے ہیں اور مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کے اقدام کو سراہا ہے۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہی۔ ضلعی محکموں کے افسران موقع پر موجود رہے اور آپریشن کی نگرانی کرتے رہے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ غیرقانونی قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی واگزار کرانا اور شہریوں کو صاف ستھرا اور کشادہ ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔