لاہور، 22 فروری (اے پی پی): حکومت پنجاب کے وژن ”انصاف سب کیلئے و قانون کی بالادستی“ کے تحت پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تین روزہ تربیتی پروگرام کا اختتام ہو گیا۔ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سیکرٹری پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سلمان غنی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔تربیتی سیشن کے تیسرے اور آخری روز اینٹی ڈرگز قوانین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سینئر قانون دانوں اور ماہرین نے منشیات سے متعلق قوانین اور عملی امور پر خصوصی لیکچرز دیئے۔ پراسیکیوٹرز کی استعداد کار میں اضافے، ٹرائل کے عمل کو مؤثر بنانے اور انصاف کی فراہمی میں تیزی لانے کیلئے جدید تقاضوں کو اپنانے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء نے اہم قوانین پر جامع تربیتی پروگرام کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے افسران اور ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق افسران کی استعداد کار بڑھانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”انصاف سب کیلئے و قانون کی بالادستی“ اب صرف ایک وژن نہیں بلکہ بنیادی ذمہ داری ہے۔ کوشش کی گئی کہ تین روزہ تربیتی سیشن میں پراسیکیوٹرز اور افسران کو ہر ممکن بہترین تربیت فراہم کی جائے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ منشیات کا زہر پھیلانے والوں کو قانون کی آہنی گرفت میں لانے کیلئے بھرپور تیاری کی جائے گی اور انصاف کی تیز ترین فراہمی ممکن بنانے کیلئے ایسے خصوصی تربیتی پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے۔سلمان غنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پراسیکیوٹرز اور افسران کی استعداد کار میں اضافہ کر کے اس کا بھرپور فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔











