وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس :پرائیویٹ ایمبولینس سروس ریگولائز کرنے، ریٹس مقرر کرنیکی تجویز پر بھی اتفاق

11

لاہور، 23 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سروس کے تحت مرحومین کی میت کو سرکاری ہسپتال سے گھر تک مفت ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا گیا۔ فیصلے کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک وین میسر ہوگی جو ہسپتال سے گھر میت کی منتقلی کیلئے خدمات سرانجام دے گی۔

مرحوم کے اہل خانہ 1122 پر کال کر کے یا متعلقہ ہسپتال کے کاؤنٹر سے مفت وین سروس حاصل کر سکیں گے۔ اس سروس کی سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ شفافیت اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ میت کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو ریگولائز کرنے اور ان کے ریٹس مقرر کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو اس حساس موقع پر باعزت اور مفت سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سروس کو جلد از جلد مؤثر انداز میں فعال کیا جائے۔