لودھراں،23فروری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ماڈل سہولت بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی،سپلائی اور ڈیمانڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز پر جا کر قیمتوں اور معیار کی جانچ پڑتال کی اور خریداری کے لیے آئے شہریوں سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے سہولیات اور نرخوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس،میڈیکل کیمپ،ریسکیو سروس اور فری ہوم سروس ڈیلیوری کاؤنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ماڈل بازاروں میں سپلائی و ڈیمانڈ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اورسستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کریانہ آئٹمز، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی کو سختی سے چیک کیا جا رہا ہے اور ماڈل سہولت بازار میں تمام اشیائے ضروریہ کا وافر اسٹاک موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بتایا کہ مختلف اشیاء مارکیٹ ریٹ سے 5 سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں جبکہ تحصیل سطح پر قائم بازاروں کی بھی مسلسل پرائس مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











