گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، لاہور میں 8 لاکھ 71 ہزار روپے جرمانے

15

لاہور، 26 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی سی لاہور کے حکم پر شہر بھر میں گرانفروشی کے خلاف بڑی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور مجموعی طور پر 8 لاکھ 71 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کے مطابق ضلع بھر میں 90 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کیے گئے ہیں جو شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں متحرک ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے 6,389 انسپکشنز کیں اورخلاف ورزیوں پر موقع پر سخت کارروائی کی گئی۔انتظامیہ کے مطابق آلو کے 52،پیاز کے 56 اور ٹماٹر کے 36 ٹرکوں کی آمد سے سپلائی میں بہتری آئی ہےجس کے باعث قیمتوں میں استحکام پیدا ہوا جبکہ بھنڈی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔گرانفروشی پر 14 مقدمات درج کیے گئے، 12 املاک کو سربمہر کیا گیا اور 24 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سبزی منڈیوں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں سے مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم ہو رہی ہیں۔شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یا کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔