وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت لودھراں میں رمضان سپورٹس فلڈ لائٹ پروگرام 2026 کا آغاز

14

لودھراں،2 مارچ(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے روشن اور نوجوان دوست ویژن کے تحت ضلع لودھراں میں رمضان سپورٹس فلڈ لائٹ پروگرام 2026 کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈسٹرکٹ فلڈ لائٹ رمضان چیمپئن شپ 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد محمود اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ مقدس میں سپورٹس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد تزکیۂ نفس، صبر اور نظم و ضبط جیسے اوصاف کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں سے عبادت اور جسمانی صحت کی عملی جدوجہد ممکن ہے جبکہ متوازن معاشرے کی تشکیل میں جذبۂ مسابقت، ٹیم ورک، ڈسپلن اور سپورٹس مین اسپرٹ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ٹرافی کی رونمائی کی، کھلاڑیوں سے شیک ہینڈ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے فٹبال کو کک لگا کر ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان آباد رکھنا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد محمود نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ صحت مند، پُرامن اور باوقار معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ایونٹ کا پہلا میچ کہکشاں فٹبال کلب اور المجید کلب 21 چک کے درمیان کھیلا گیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر المجید فٹبال کلب نے 4-5 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں الحیدر فٹبال کلب نے فتح حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کھلاڑیوں، سپورٹس کلبز اور شائقینِ کھیل نے فلڈ لائٹ ایونٹ کو بھرپور سراہتے ہوئے اسے ضلع میں سپورٹس کلچر کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔