ملتان 03 مارچ )اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر 200 بیڈ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں کو بتایا گیا کہ 8 ارب روپے لاگت کا یہ منصوبہ 6 ارب روپے کیپیٹل اور 2 ارب روپے ریونیو کمپوننٹ پر مشتمل ہے۔ یہ سکیم سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے تحت جاری ہے جبکہ وائس چانسلر نشتر پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا آغاز 2022 میں ہوا۔ پانچ منزلہ عمارت دو بیسمنٹ اور تین فلورز پر مشتمل ہے۔ اب تک تقریباً 3 ارب روپے کیپیٹل مد میں خرچ کیے جا چکے ہیں، سول ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ HVAC کا کام جاری ہے۔ رواں مالی سال میں 50 کروڑ روپے کی الاٹمنٹ اور اضافی 43 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 76 کروڑ روپے کے اجراء کے لیے سمری ارسال کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ماں اور بچے کیلئے جدید، خصوصی اور ہمہ جہت طبی سہولیات فراہم کرے گا اور یہ منصوبہ جنوبی پنجاب میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مکمل فنڈنگ کی بروقت فراہمی سے 200 بیڈ پر مشتمل یہ ہسپتال اکتوبر 2026 تک فعال کیا جا سکتا ہے جس سے علاقے کی ہزاروں خواتین اور بچوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامی اور فنی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔











