ملتان،9 مارچ (اے پی پی ):چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کے سکول میں زیرِ تعلیم بچوں کے سالانہ امتحانات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن سکول میں ہونے والے سالانہ امتحانات 14 مارچ تک جاری رہیں گے۔چائلڈ پروٹیکشن سکول میں اس وقت تقریباً 90 لاوارث اور بے آسرا بچے زیرِ تعلیم ہیں جنہیں معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
دریں اثناء ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان شفاعت ظفر نے سکول کا دورہ کیا اور بچوں کے امتحانی سنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول انتظامیہ کی جانب سے سالانہ امتحانات کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر لاوارث اور بے آسرا بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔











