قصور، 14 مارچ (اے پی پی):عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی قصور کے بازاروں میں رونقیں بڑھ گئی ہیں اور شہری بڑی تعداد میں خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کررہے ہیں۔ تاریخی نیابازار میں اس وقت فیملیز اپنے بچوں کے ہمراہ عید کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
قصور جو عظیم صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کی نگری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، وہاں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بازاروں کی رونقیں عروج پر ہیں۔ شہریوں نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عیدالفطر کی بھرپور تیاریاں کررہے ہیں اور بچوں کے ساتھ خریداری کیلئے بازار آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر مسلمانوں کا خوشیوں بھرا تہوار ہے جسے وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھرپور انداز میں مناتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے اور اپنے بچوں کیلئے کپڑوں سمیت مختلف اشیاء کی خریداری کی ہے اور عید کے پُرمسرت موقع پر اہل خانہ کے ساتھ خوب خوشیاں منائیں گے۔
دکانداروں نے بھی ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالفطر کی تیاریوں کے باعث بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے رمضان المبارک میں دیے گئے ریلیف پیکیج سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے جس سے خریداری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔دکانداروں کے مطابق پنجاب حکومت کے اقدامات سے عوام میں اطمینان پایا جاتا ہے اور فیملیز بڑی تعداد میں بازاروں کا رخ کررہی ہیں جس سے عیدالفطر کے قریب آتے ہی بازاروں کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔











