لاہور، 15 مارچ(اے پی پی): سابق وزیر اعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علماء و مشائخ کے 20 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ملاقات سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور و صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔وفد نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔ علماء کرام نے اس موقع پر کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان سے ملاقات باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید چوہدری ظہور الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ شرافت، رواداری اور عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا اور اسلام و پاکستان کے لیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرامن معاشرے کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء و مشائخ کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت، اخوت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے اور علماء کرام کو چاہیے کہ وہ اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کر کے اسے امن کا گہوارہ بنانا ہے۔چوہدری شجاعت حسین نے صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور علماء کرام اس حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت لانے کے لیے اس کی ڈیجیٹائزیشن کی جا رہی ہے جبکہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر مولانا عبد الخبیر آزاد نے بتایا کہ پیغام پاکستان پاکستان کا ایک عظیم قومی بیانیہ ہے جس پر 18 ہزار علماء کرام کے دستخط موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دستاویز میں فرقہ واریت، دہشت گردی، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے پیغام پاکستان کی کاپی چوہدری شجاعت حسین کو پیش کی جبکہ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے ساتھ ساتھ چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔وفد میں مولانا حافظ اسد عبید، علامہ قاضی عبد الغفار قادری، سید عاشق حسین شاہ، علامہ زبیر احمد ظہیر، علامہ محمد رشید ترابی، حافظ کاظم رضا نقوی اور دیگر علماء و مشائخ شامل تھے۔











