ریسکیو 1122 ملتان کی یومِ پاکستان کے موقع پر تقریب میں شرکت، قومی پرچم کو سلامی، خدمت کے عزم کا اعادہ

11

ملتان،23 مارچ (اے پی پی ):  یومِ پاکستان کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ پرچم کشائی کی پروقار تقریب میں بھرپور اور پرجوش شرکت کی۔ تقریب کے دوران ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستے نے سبز ہلالی پرچم کو باقاعدہ سلامی پیش کی، جس سے قومی جذبے، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔اس موقع پر تقریب میں موجود افسران اور دیگر شرکاء نے یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ ادارہ نہ صرف ہنگامی حالات میں خدمات انجام دے رہا ہے بلکہ قومی تہواروں اور اہم مواقع پر بھی بھرپور انداز میں شریک ہو کر قومی یکجہتی کو فروغ دے رہا ہے۔

ریسکیو 1122 ملتان کے اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے اس عہد کی تجدید بھی کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت دیانتداری، فرض شناسی اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور شہداء کی بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔