ملتان،23 مارچ(اے پی پی ): عیدالفطر کے موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کے چہروں پر خوشیوں کی روشنی بکھیر دی۔ اس موقع پر کمشنر نے بزرگوں میں عیدی، کپڑے اور تحائف تقسیم کیے اور ان کے ساتھ خوشیوں کے لمحات بانٹے۔کمشنر نے بزرگ شہریوں سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل اور ضروریات کا جائزہ لیا اور فوری احکامات جاری کیے تاکہ اولڈ ایج ہوم میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “بزرگ شہری ہمارے لیے باعث رحمت ہیں، ان کی خدمت اور احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نئی نسل صرف بزرگوں کے احترام اور خدمت سے ہی حقیقی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔اس موقع پر کمشنر نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ بزرگوں کی سہولت، صحت اور آرام کا خصوصی خیال رکھیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں رہنے والے بزرگ شہریوں کے لیے ماحول کو خوشگوار اور دوستانہ بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔اولڈ ایج ہوم کے بزرگ شہریوں نے کمشنر کے محبت بھرے انداز اور خلوص کو سراہا اور اپنی دعاؤں سے انہیں نوازا۔ بعض بزرگ شہریوں نے کہا کہ کمشنر کی یہ آمد اور توجہ ان کے لیے عید کی خوشیوں کو اور بھی خاص بنا گئی۔اس موقع پر عملہ اور رضاکار بھی موجود تھے جنہوں نے کمشنر کی ہدایات کے مطابق بزرگوں کی خدمت اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری معاشرے کی طاقت اور تجربے کا سرچشمہ ہیں، اور ان کی خدمت سے ہی معاشرتی اخلاق اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوتا ہے۔











