اسلام آباد،27مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جاری کفایت شعاری پالیسی اور مالی سال 2026-2027 کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کیے گئے کفایت شعاری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات حکومتی اخراجات میں کمی کی بہترین مثال ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے گا اور کفایت شعاری مہم کے تحت ہونے والی بچت سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں نے اپنی تنخواہوں میں رضاکارانہ کٹوتی کر کے پوری قوم کے لیے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کو دیگر اداروں تک وسعت دے کر قومی خزانے پر بوجھ کو مزید کم کیا جاسکتا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مشکل وقت میں بروقت فیصلے کر کے ملک کو بہت بڑے بحران سے بچایا گیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کے کفایت شعاری اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا موجودہ علاقائی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر شہری کو کفایت شعاری مہم میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنا ہوگا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اگلے مالی سال کے بجٹ اجلاس کے لیے وزارت خزانہ کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور وزارت خزانہ کے درمیان قریبی رابطے اور اگلے مالی سال کے بجٹ اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔











