اسلام آباد :وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ، کرپشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان

9

اسلام آباد، 28 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری انفراسٹرکچر بہتری منصوبوں کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

بعد ازاں ان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ  وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور تمام سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایف آئی اے میں جاری اصلاحات کا عمل رواں سال دسمبر تک مکمل کیا جائے۔

‎اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔وزیر داخلہ نے بیرون ملک ملازمت کے اشتہارات کی آن لائن نگرانی سخت کرنے اور گمراہ کن اشتہارات کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

‎ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن، اینٹی ہیومن سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جا رہا ہے جبکہ احتساب کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ ورکنگ گروپس اور کوآرڈینیشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں۔

‎محسن نقوی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی اے کو ہر سطح پر مکمل حکومتی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور اسے منظم جرائم کے خلاف ایک مؤثر ہراول دستہ بنایا جائے گا۔