لاہور،09اپریل(اے پی پی) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کونسل آن دی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبیلیٹیز کے امور اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبیلیٹیز ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر کو معذور افراد کے حقوق، سہولیات اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ معذور افراد کے لیے سرکاری و نجی عمارتوں تک آسان رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں خصوصی بچوں کے لیے سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔مزید برآں، سرکاری و نجی اداروں میں معذور افراد کے حقوق اور متعلقہ قوانین سے آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ معاشرے میں شعور اجاگر ہو سکے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر سی آر پی ڈی مزمل یار سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











