مارگلہ کے دامن میں ہزار ایکڑ پر نیا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ، سی ڈی اے اجلاس میں بڑے اعلانات

9

اسلام آباد، 21 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت کی ترقی اور شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کئی بڑے اور انقلابی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بڑے تحفے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر ایک وسیع اور جدید پارک تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کی تفریحی سہولیات سے آراستہ کر کے ایک مثالی شہر بنانا ہے۔

سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اجلاس میں تاریخی فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ فرمز کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے تحت شہر میں نئے فائیو اسٹار ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے زیرو ٹیکس نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے۔ علاوہ ازیں، ای او بی آئی (EOBI) کے اشتراک سے زیر تعمیر فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انتظامی اصلاحات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ ‘سروے آف پاکستان’ کے ذریعے اسلام آباد کے تمام رقبے اور پراپرٹی کا مکمل سروے کرایا جائے گا۔ سی ڈی اے کی مستقبل کی تمام نیلامیوں (Auctions) کے لیے پیشہ ورانہ مارکیٹنگ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جبکہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کا کنٹرول روم ‘سیف سٹی’ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، سہیل اشرف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کے تمام ریکارڈ اور ٹرانسفر کے نظام کو تیزی سے ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ ون ونڈو آپریشن کو مزید موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا اور ادارے سے غیر ضروری پوسٹیں ختم کر کے کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔اجلاس میں ممبران سی ڈی اے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔