وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس

11

اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد پولیو ٹیم کی بھرپور کوششوں کی تعریف کی-اجلاس کو انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2026 میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے، جبکہ 2024 میں 74 اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے رواں سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

مزید بتایا گیا کہ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثرہ تھے جن کی تعداد 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی۔ نیشنل ہاؤس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد رہی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی کے باعث پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جبکہ کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کے مقامی پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

 کراچی میں مارچ کے مہینے میں 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025 سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ ضلع بنوں میں پولیو سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی ہے۔

مزید برآں وفاق اور صوبائی سطحوں پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو انسداد پولیو سے جوڑنے اور مشروط کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ،وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔