لودھراں میں گڈ گورننس کیلئے اہم اقدامات، یو سی سیکرٹریز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے

10

لودھراں ,25 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت یونین کونسل سیکرٹریز کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں پبلک سروس کی بہتری اور گڈ گورننس کے فروغ کیلئے متعدد فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز لیاقت علی گیلانی، حافظ محمد ظفر، اسسٹنٹ کمشنرز فرخ اللہ، اصغر اقبال لغاری، فیصل ولید اور سی اوز عمر مختار، سید مصلح الدین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلے مین ہولز پر فوری ڈھکنوں کی تنصیب اور آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ یو سی سیکرٹریز ہر ہفتے اپنے علاقوں کے دوروں کا شیڈول جاری کریں جبکہ نمبرداروں اور ائمہ مساجد کے ساتھ مل کر ہر ماہ کارروائیوں کی تصدیقی رپورٹ پیش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر یونین کونسل سیکرٹری سرکار کا نمائندہ ہے اور اسے عوامی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیکرٹریز کو ضلعی انتظامیہ کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی اور ان کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے تینوں تحصیلوں میں واٹس ایپ گروپس قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یونین کونسل دفاتر میں پیش آنے والے مسائل اور واقعات فوری طور پر ان کے نوٹس میں لائے جائیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسائل کے حل اور کارکردگی کے جائزے کیلئے یونین کونسل  سیکرٹریز کے ساتھ ہر ماہ باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔