لاہور، 07 مئی ( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈے کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ پنجاب کی تمام سینٹرل جیلوں میں “پریزن ویلفئیر سٹور” آپریشنل ہو گئے ہیں۔ اسیران اب جیل کے اندر ہی اپنی ضرورت کے مطابق اشیاء بآسانی اور سستے داموں خرید سکتے ہیں۔ چیئرمین ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سینٹرل جیل لاہور میں پریزن ویلفئیر سٹور کا افتتاح کیا۔ یاد رہے کہ پنجاب کی تمام 9 سینٹرل جیلوں میں بیک وقت پریزن ویلفئیر سٹورز آپریشنل کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پریزن میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی محسن رفیق، ڈی آئی جی نوید رؤف، سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پریزن ویلفئیر سٹور میں بنیادی ضرورت کی 74 اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں۔ سٹور میں بیکری آئٹمز، مشروبات، کچن آئٹمز اور ہائی جین آئٹمز وغیرہ دستیاب ہیں۔ خریداری کا تمام عمل سینٹرلائزڈ پوائنٹ آف سیل سافٹ ویئر پر ریکارڈ اور مانیٹر ہو رہا ہے۔ سافٹ ویئر پر اسیران، خریدی گئی اشیا اور قیمت کی تمام تفصیلات دستیاب ہیں۔ اسیران اپنے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے بائیو میٹرک سے آن لائن ٹیب پر خریداری کا عمل مکمل کر رہے ہیں۔ اسیران نے پریزن ویلفئیر سٹور سے اپنی ضرورت کے مطابق سامان کی خریداری کی اس موقع پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔ چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے اس موقع پر کہا کہ پریزن ریفارمز وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں پریزن ویلفئیر سٹور قائم کرنے پر سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حکومت پنجاب جیلوں کو اصلاحی مراکز بنانے کیلئے مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے ہدایت کی کہ کوئی بھی آئٹم مارکیٹ ریٹیل قیمت سے زائد پر فروخت نہ کی جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ 9 سینٹرل جیلوں کے بعد رواں ماہ ہی پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں پریزن ویلفئیر سٹور آپریشنل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پریزن ویلفئیر سٹور کا نظم و نسق پنجاب پریزن فاؤنڈیشن چلا رہی ہے۔ پریزن ویلفئیر سٹور میں خریداری کا تمام عمل سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ تمام فوڈ آئٹمز کے سیمپلز PAFDA لیبارٹری سے چیک کروائے گئے جن کی رپورٹ تسلی بخش آئی اور تمام اشیاء معیاری پائی گئیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پریزن ویلفئیر سٹورز میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے آڈٹ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پریزن میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ پریزن ویلفئیر سٹور نو پرافٹ نو لاس کے اصول پر چلائے جائیں گے۔ تمام اشیاء مارکیٹ ریٹ پر دستیاب ہیں اور ان کی ریٹ لسٹ بھی آویزاں کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش سے اسیران کو مشکلات کا سامنا تھا اور پریزین ویلفئیر سٹور ا ن کی ضروریات کو پورا کریں گے۔ خریداری کیلئے آنے والے قیدیوں نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ آزاد ہو گئے ہیں۔











