وزیر دفاع پاکستان نے سیالکوٹ میں نئے ٹیچنگ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

9

سیالکوٹ،09 مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے علامہ اقبال میڈیکل کالج سیالکوٹ میں نو ارب روپے کی لاگت سے بننے والے 300 بیڈز پر مشتمل نئے ٹیچنگ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔

سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا مقابلہ ملک کا کوئی دوسرا صوبہ نہیں کر سکتا اور نئے ٹیچنگ ہسپتال کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشکور ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیالکوٹ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، نالہ بھید کی ازسر نو ڈیزائننگ کی جا رہی ہے جبکہ اب تک وہاں سے سات ہزار ٹن گندگی نکالی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیلابی صورتحال کے دوران لوگوں کے گھروں کی ایک ایک منزل پانی میں ڈوب گئی تھی، تاہم اب مستقل بنیادوں پر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات منزل اور قلعہ سیالکوٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش پر بھی کام جاری ہے جبکہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کو خطیر رقم سے ایمن آباد روڈ منتقل کیا جا رہا ہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ صوبائی وزیر خواجہ محمد منشاء اللہ اور چوہدری فیصل اکرام کی کاوشوں سے 18 ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ منصوبہ منظور ہوا ہے جو سمبڑیال سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں کو ملاتے ہوئے ڈسکہ روڈ، ایمن آباد روڈ اور پسرور روڈ سے منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایلیویٹڈ سڑک منصوبہ آئندہ دو برس میں مکمل ہوگا۔خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں بھی نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر حقیقی کام ہو رہا ہے اور اس سفر میں سیالکوٹ چیمبر کے تعاون کو بھی سراہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نالوں کے کنارے قائم ناجائز تجاوزات، فیکٹریاں اور مکانات خود نہ ہٹائے گئے تو انتظامیہ کارروائی کرے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں آئندہ ایک ماہ کے اندر دل کے بائی پاس آپریشن کی سہولت میسر ہوگی جبکہ شہر میں کیتھ لیب کے قیام پر بھی جلد عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال فاسٹ ٹریک پر دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیاسی اور عوامی خدمت کا سفر خواجہ محمد آصف سے سیکھا اور ان کے خاندان کے ساتھ دیرینہ تعلقات رہے ہیں۔