لاہور، 9 مئی(اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے “سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 52 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور بیشتر مقامات پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ وہ پروگرام مینجمنٹ یونٹ آفس گارڈن ٹاؤن میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 52 شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذیشان رفیق نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں نائٹ شفٹ بھی شروع کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سکیموں کی خود نگرانی کرنے کی تاکید کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی بدولت لائننگ پائپ ٹیکنالوجی پاکستان منتقل ہو چکی ہے اور اس کی مقامی پیداوار بھی شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے تاکہ برساتی پانی کی فوری نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ شفاف ٹینڈرنگ کے باعث پی ڈی پی منصوبوں میں 28 ارب روپے کی بچت ہوئی، جسے انہی ترقیاتی سکیموں پر خرچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ڈرینج سسٹم اور انفراسٹرکچر سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا جبکہ اربن فلڈنگ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام شہروں کے لیے 2050 تک جامع ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو جدید اور مربوط انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔











