راولپنڈی، 19 مئی (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف و چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج(منگل) کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں طلبہ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کالج کے اعلیٰ معیار کی تربیت، علمی معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران نے ہمیشہ پیشہ ورانہ لگن اور غیر معمولی کارکردگی سے خود کو ممتاز کیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ افسران کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ رہنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود اور اپنے دستوں کو مسلسل تربیت دیں تاکہ بدلتے ہوئے حالات میں مؤثر جواب دیا جا سکے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت سے دہشت گردی کے ہر روپ کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ پروپیگنڈا، جعلی خبروں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاکستان کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پراکسیز اور پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی روکنے کی کوش کرنے والی قوتیں ریاست کی پائیداری اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔
بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طویل المدتی ترقی کا انحصار عوام پر مرکوز حکمت عملی، شمولیتی ترقی، بہتر گورننس اور سیکیورٹی اقدامات پر ہے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت کی عوامی فلاح، سماجی و اقتصادی بہتری اور ریاست و عوام کے تعلق کو مضبوط کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔











