صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے داروغہ والا اور سگیاں  ایریا کے صنعتکاروں کے وفد کی پیسک ہاؤس میں ملاقات

5

لاہور، 20 مئی ( اے پی پی ) : صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے داروغہ والا اور سگیاں  ایریا کے صنعتکاروں کے وفد نے  ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل کے زیر صدارت پیسک ہاؤس میں  ملاقات کی۔

وفد نے  داروغہ والا اور سگیاں  ایریا میں واقع انڈسٹری پر روڈا کی جانب سے 80 لاکھ روپے فی کنال چارجز عائد کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا ۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل  نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں موجود  انڈسٹری پر روڈا کے عائد کردہ بھاری چارجز نا انصافی ہے ،داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں 1500 چھوٹے صنعتی یونٹس موجود ہیں جن سے ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ۔ایسا میکانزم بنایا جائے کہ یہاں دہائیوں سے لگی انڈسٹری بند نہ ہو،  صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے   کہا کہ داروغہ والا اور سگیاں ایریا کی انڈسٹری پر روڈا کے چارجز کا معاملہ مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا ،انڈسٹری پر روڈا کے عائد چارجز کا دوبارا جائزہ لیا جائے گا معاملے کے حل کیلئے روڈا اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کا ایک پیج پر آنا لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری چلے گی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے کسی صورت صنعت کا پہیہ رکنے نہیں دیں گے داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں موجود انڈسٹری ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار دے رہا ہے ،معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جب تک روڈا چارجز بارے حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا ، روڈا کسی فیکٹری کے خلاف ایکشن نہیں لے گا تاہم تحفظ ماحولیات کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری تحفظ ماحولیات کے ایس  او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائےآئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بن رہی ہیں اور تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب کابینہ نے انڈسٹری کے فروغ کیلئے صنعتی مراکز میں لیز کی پالیسی کی منظوری دی ہے صنعتکار انڈسٹریل اسٹیٹس میں انڈسٹری لگائیں لیکن روڈا کے زیر اہتمام رہائشی علاقوں میں نئی انڈسٹری لگانے سے گریز کیا جائے  سی ای او روڈا عمران امین نے اس موقع پر کہا کہ جب تک روڈا چارجز کے حوالے سے باہمی مشاورت سے حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا ،کس فیکٹری کے خلاف ایکشن نہیں ہوگا ، جن کے خلاف ایف آئی آر درج ہیں وہ بھی واپس لے لی جائیں گی،باہمی مشاورت سے جو بھی فیصلہ ہوا اس پر  مکمل عمل درآمد ہوگا ،صنعتکاروں کا  داروغہ والا اور سگیاں ایریا کی انڈسٹری کے مسائل ہمدردی سے سننے اور معاملے کے حل کی یقین دہانی پر چوہدری شافع حسین سے اظہار تشکر کیا۔سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ ،صدر ایف سی سی آئی میاں انجم نثار ،سابق صدر محمد علی میاں ،صدر داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن شعبان اختر اور دیگر صنعتکار ملاقات میں موجود تھے، سی ای او روڈا عمران امین وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز نوشین ملک ،ڈائریکٹر روڈا  بریگیڈئیر محمد عثمان اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔