اسلام آباد، 21مئی(اے پی پی):پاکستان اور کینیا مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور کینیا نے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو دگنا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکریٹری تجارت جواد پال اور کینیا کی پرنسپل سیکریٹری ریجینا اومبام نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے، نئی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور کاروباری روابط کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
پاکستان اور کینیا نے کسٹمز، بینکاری، ادویات سازی اور تجارتی تنازعات کے حل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ آئی ٹی، سیاحت، صنعت، پلانٹ پروٹیکشن اور قرنطینہ کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔











