اسلام آباد،20مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ جو پاکستان کا دیرینہ تزویراتی شراکت دار ہے ، کے ساتھ مضبوط، مثبت اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
وہ برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خوشگوار اور دوستانہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا تھا۔
جوناتھن پاول نے علاقائی سفارتکاری میں پاکستان کے تعمیری کردار، خصوصاً خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لئے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے برطانوی حکومت کی جانب سے پذیرائی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان کی مؤثر معاشی اصلاحات پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت سکیورٹی ،تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن ساجد بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے۔











