پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل، مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاک چین دوستی گیلری قائم

11

لاہور، 22 مئی (اے پی پی): پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر لاہور میں ایک پروقار تقریب اور ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک چین دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نئی میوزیم عمارت میں “پاک چین دوستی گیلری” قائم کر دی۔

 تقریب میں چینی قونصل جنرل، حکومتی شخصیات، اسلام آباد سے آئے مہمانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور چائنیز قونصل جنرل نے ثقافتی نمائش کا افتتاح کیا اور پاک چین سفارتی تعلقات پر مبنی تصویری جھلکیوں اور مختلف گیلریز کا معائنہ کیا۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج ہم پاک چین دوستی کی ایک تاریخی سالگرہ منا رہے ہیں اور یہ تعلق محض دو ہمسایہ ممالک کا نہیں بلکہ اعتماد، اخلاص اور آزمودہ رفاقت کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رشتہ شاہراہِ ریشم کے مشترکہ ورثے سے جڑا ہوا ہے اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2015 پاک چین تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا جب صدر شی جن پنگ کے دورۂ پاکستان کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا آغاز ہوا، جس نے پاکستان کی معیشت کو نئی سمت دی۔

 سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم قائد محمد نواز شریف کے دور میں سی پیک کا آغاز اقتصادی سفارتکاری کا نیا باب تھا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاک چین تعاون زراعت، ٹیکنالوجی اور صنعت کے شعبوں تک وسیع ہو چکا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کی معاشی جدید کاری میں چین اہم شراکت دار بنے گا۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پنجاب میں فضائی معیار، زرعی میکانائزیشن، گرین انفراسٹرکچر اور صنعت کے شعبوں میں چینی تعاون کو مزید فروغ ملا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب نے چینی صوبوں کے ساتھ سمارٹ سٹیز، زراعت اور جدید انفراسٹرکچر میں اشتراک کی پیشکش بھی کی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ میوزیم میں لگائی گئی نمائش کا ضرور دورہ کریں کیونکہ یہ نمائش پاک چین دوستی کے 75 سالہ سفر کی عکاس ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چین نے آپریشن بنیان المرصوص اور معرکۂ حق کے دوران بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات کو جدید تقاضوں اور نوجوان نسل کے ساتھ جوڑ کر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس موقع پر “پاکستان زندہ باد، پاک چین دوستی پائندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔