ملتان، 25 مئی (اے پی پی): عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں کو بھی شامل کر تے ہوئے ان بچوں میں عید تحائف تقسیم کیے گئے۔
چئیرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان میں رہائش پذیر لاوارث اور بے آسرا بچوں میں نئے کپڑے اور جوتے تقسیم کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ انچارج شفاعت ظفر اور دیگر آفیسرز نے بچوں میں عید تحائف تقسیم کیے جبکہ بچوں نے نئے کپڑے اور جوتے پاکر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ادارے میں رہائش پذیر بچوں کے لیے رنگا رنگ تفریحی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے افسران بچوں کے ساتھ عید منائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں بچوں کے لیے خصوصی مینیو کا اہتمام کیا جائے گا اور کھانے پینے کے مختلف اسٹالز بھی لگائے جائیں گے تاکہ بچوں کو عید کی خوشیوں کا بھرپور احساس دلایا جا سکے۔











