شجاع آباد 27مئی (اے پی پی): ڈاکٹر ثناء رام چند نے عیدالاضحیٰ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عید صفائی و انتظامی امور کا خود جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے تمام ماڈل آگاہی کیمپس کا وزٹ کیا اور شہریوں میں آلائشیں ڈالنے کے لیے خصوصی بیگز تقسیم کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ان مقامات کا بھی دورہ کیا جہاں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے عمل کی خود نگرانی کی اور موقع پر موجود عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ آلائشوں کی بروقت تلفی اور صفائی کے انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔
مزید برآں انہوں نے تحصیل منیجر ستھرا پنجاب کو ہدایت جاری کی کہ قربانی کے بعد مختلف مقامات پر فرنائل اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے تاکہ اردگرد کا ماحول خوشگوار اور فضا معطر رہے جبکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹی سی پی سنٹر کا بھی وزٹ کیا اور وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔











