عیدالاضحیٰ : ضلع ملتان میں ایمرجنسی کور پلان نافذ، تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ

7

ملتان ، 27مئی (اے پی پی ):عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں ایمرجنسی کور پلان نافذ کرتے ہوئے تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دیں  ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق عید کے ایام میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو سروس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ ضلع ملتان میں ایمرجنسی کور پلان کے تحت 100 سے زائد ریسکیو اہلکار، فائر ٹینڈرز، ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو وہیکلز تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ تمام اسٹاف کو خصوصی ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران ایمرجنسی کور پلان کی نگرانی خود کی جا رہی ہے اور ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے تاکہ ہر ایمرجنسی کال پر بروقت رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کو بھی خصوصی پوسٹس پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق ضلع بھر کی بڑی مساجد اور اہم مقامات پر خصوصی ریسکیو پوسٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔