ڈپٹی کمشنر ملتان کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

6

ملتان ،01 جون( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے بعد ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر کامیاب میگا صفائی آپریشن کے بعد گڈ گورننس، عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکمے عوامی مسائل کے فوری حل اور ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران مثالی صفائی آپریشن کے ذریعے ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شہریوں کے دل جیت لیے۔

انہوں نے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے تمام ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اصل ہیرو قرار دیا اور اعلان کیا کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کے متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ برانڈ روڈ، ملتان ایونیو اور حسین آگاہی روڈ کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبے شہری ترقی کے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بناتے ہوئے مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، مختلف ضلعی افسران اور محکمہ جاتی سربراہان نے شرکت کی۔