ملتان:کمشنر عامر کریم خاں کا  ہاڑی روڈ منصوبے کا دورہ، 30 جون تک تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

5

ملتان ،01 جون (اے پی پی) : کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر ملتان وہاڑی روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور ملتان، وہاڑی اور خانیوال اضلاع میں 90 کلومیٹر سے زائد طویل سڑک پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہیں منصوبے کی پیش رفت اور مختلف سیکشنز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں کو بتایا گیا کہ ملتان وہاڑی روڈ منصوبے کا تقریباً 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کو 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 کمشنر نے میتلہ چوک سے ٹبہ سلطان پور تک 9 کلومیٹر طویل زیر تعمیر سیکشن کا خصوصی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس حصے پر کام کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہوں نے سڑک کے اطراف نصب کی جانے والی ٹف ٹائلز کی مضبوطی، پائیداری اور معیاری تنصیب پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

 کمشنر نے نالوں کے اوپر نصب کی جانے والی ٹائلز کے معیار، خوبصورتی اور دیرپا کارکردگی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ منصوبہ نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے بلکہ اس کی مجموعی خوبصورتی بھی برقرار رہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ منصوبہ جنوبی پنجاب کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے جو علاقے میں آمدورفت کو بہتر بنانے، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔