اسلام آباد،01 جون (اے پی پی): وفاقی وزیرِ قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ایچ آئی وی کی روک تھام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ ایچ آئی وی ٹاسک فورس کی سفارشات کا بھی تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے ایچ آئی وی سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو واضح ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی کے مؤثر تدارک اور کنٹرول کے لیے مربوط، مؤثر اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ایچ آئی وی ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، بیماریوں کے کنٹرول کے قومی مرکز اور مرکزی نگرانی یونٹ کی جانب سے ایچ آئی وی سے متعلق ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس ڈیش بورڈ کے ذریعے ایچ آئی وی کا ڈیٹا بروقت رپورٹ ہوگا جبکہ فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری صحت، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ، وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی، متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور اہم شراکت داروں نے شرکت کی۔











