اسلام آباد، 01جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے آپریشنز، جاری منصوبوں اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ریلوے آپریشنز کو مزید مؤثر، فعال اور منظم بنانے کے مختلف امور پر غور کیا گیا، جبکہ مسافروں کی سہولت اور سفری معیار میں بہتری کے لیے متعدد تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریلوے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے متعلقہ افسران نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے نظام میں مزید بہتری کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان ریلویز کی استعدادِ کار میں اضافے، خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے انتظامی، آپریشنل اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔
محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز کو جدید، مؤثر اور عوامی ضروریات کے مطابق ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔











