اسلام آباد، 2 جون (اے پی پی): پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے پر پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارت خارجہ کے سیکریٹری جنرل سفیر ریکارڈو گوارِیلیا نے روم میں اٹلی کی وزارت خارجہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دستخط کیے۔
تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت اور مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے معاہدے کو باہمی اعتماد اور دوستی کی عکاسی قرار دیتے ہوئے اسے دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں سہولت پیدا ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت متعدد نئے معاہدوں پر غور جاری ہے۔ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں موجود ہیں جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی مطالعات اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا تھا جبکہ 2013 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان قائم کیا گیا۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن 2005 میں تشکیل دیا گیا، سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997 میں طے پایا، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983 میں جبکہ حوالگی ملزمان کا معاہدہ 1972 میں دستخط کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن کے موضوع پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو اٹلی میں پاکستانی شہریوں کے لیے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہوگا۔
پاکستانی سفیر نے سیکریٹری خارجہ کی جانب سے اٹلی کے سیکریٹری جنرل کو ساتویں دور کی دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش کا اظہار کیا جو اٹلی کا بیرون ملک سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا۔











