ملتان،2 جون)اے پی پی): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان نے ماہ مئی 2026 کے دوران 13 ہزار 190 مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 13 ہزار 133 متاثرین کو ریسکیو کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق ریسکیو 1122 کا اوسط رسپانس ٹائم 7 منٹ سے کم رہا، جو ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے عزم کا مظہر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہ مئی میں 2 ہزار 793 روڈ ٹریفک حادثات، 163 آگ لگنے کے واقعات، 346 لڑائی جھگڑوں، 9 عمارتوں کے منہدم ہونے اور 7 ہزار 863 میڈیکل ایمرجنسیز پر امدادی کارروائیاں کی گئیں۔ ان ایمرجنسیز کے دوران 5 ہزار 85 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 6 ہزار 814 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ روڈ ٹریفک حادثات میں 12 افراد جانبر نہ ہو سکے جبکہ 740 مریضوں کو ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 ملتان نے انسانی خدمت کے ساتھ ساتھ 51 جانوروں کو بھی ریسکیو کرکے طبی امداد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے باعث ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی آئی ہے اور شہریوں میں قوانین کی پابندی کا شعور بڑھا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ ماہ مئی کے دوران ریسکیو 1122 کو 57 ہزار 100 کالز موصول ہوئیں جن میں سے صرف 11 ہزار 793 حقیقی ایمرجنسی کالز تھیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایمرجنسی کی صورت میں ہی 1122 پر کال کریں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔
ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ہے۔ انہوں نے عوام سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے، تیز رفتاری سے گریز کرنے اور موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے لازمی استعمال کی بھی اپیل کی۔











