ریلوے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس، فریٹ سروس اصلاحات سے ریلوے آمدن 40 ارب تک پہنچنے کی بریفنگ

13

اسلام آباد 03 جون (اے پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ فریٹ سروس میں اصلاحات سے رواں مالی سال جون تک ریلوے کی آمدن 40 ارب روپے کی تاریخی سطح تک پہنچے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت اور اسٹیشنز کی بہتری کے لیے قابل ستائش کام کیا ہے۔ ریلوے کی پائیدار ترقی کے لیے فریٹ سروس میں سرمایہ کاری اور میگا منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کی فریٹ سروس سے صنعتی مصنوعات کی ترسیل میں آسانی کے ساتھ ریلوے کی سالانہ آمدن میں قابل قدر اضافہ ممکن ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلوے کے جاری میگا منصوبوں ML-1، ML-3 اور تھر کول ریل منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت باہمی تعاون سے کام کریں۔

 انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں مالی اور ادارہ جاتی انتظامات کی پیشگی منظوری یقینی بنائی جائے تاکہ تکمیل میں غیر ضروری تعطل اور تاخیر سے بچا جا سکے، میگا منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل سے تعمیری لاگت میں کمی اور قیمتی سرمایہ بچایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ریلوے کے میگا منصوبوں کے لیے بجٹ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ تمام جاری منصوبوں میں عالمی معیار، انتظامی شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور سیکرٹری ریلوے نے اقدامات اور منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔