اسلام آباد، 4 0جون (اے پی پی) : چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ جرمن حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو فراہم کی جانے والی موبائل رجسٹریشن وینز دور دراز علاقوں میں مستحق افراد تک رسائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں جرمن سفیر اینا لیپل کے ہمراہ سات نئی موبائل رجسٹریشن وینز کی افتتاحی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جرمن حکومت پہلے بھی بی آئی ایس پی کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی رہی ہے اور اس مرتبہ مزید موبائل رجسٹریشن وینز عطیہ کی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان وینز کی مدد سے ایسے علاقوں تک پہنچنا ممکن ہوگا جہاں لوگوں کے لیے رجسٹریشن مراکز تک آنا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل رجسٹریشن وینز دور دراز علاقوں میں جا کر لوگوں کا ضروری ڈیٹا جمع کریں گی اور انہیں بی آئی ایس پی پروگرام میں رجسٹر بھی کریں گی، جس سے مستحق خاندانوں کو سہولت میسر آئے گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے جرمن حکومت، وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی ، جی آئی زیڈ اور کے ایف ڈبلیو) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے تعاون سے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی آئی ایس پی اور جرمن اداروں کے درمیان یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک سہولیات پہنچائی جا سکیں۔











