گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات: 600 سے زائد بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

2

لاہور، 10 جون:( اے پی پی )  : سکھ مذہب کے پانچویں گورو، گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی تقریبات میں شرکت کے لیے 600 سے زائد بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے یاتریوں کے استقبال اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ واہگہ بارڈر پر لنگر، طبی امداد، امیگریشن، رہنمائی اور سیکیورٹی کے جامع انتظامات فراہم کیے گئے تاکہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب   مریم نواز شریف مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ کمیونٹی کا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو اپنے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیرسگالی، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا مثبت اظہار ہے۔ گورو ارجن دیو جی کی تعلیمات امن، برداشت، خدمتِ خلق اور انسانیت سے محبت کا درس دیتی ہیں، جن کی آج کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کی رہائش، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پاکستان آنے والے تمام یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں جن کی عزت، سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔ بھارتی سکھ یاتری اپنے دس روزہ قیام کے دوران گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور سمیت دیگر مقدس مقامات کی یاترا کریں گے، جبکہ گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی۔