حکومت نے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، بلال فاروق تارڑ

4

اسلام آباد، 17 جون )اے پی پی): رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، جس سے معیشت کی بہتری اور عام آدمی کی سہولت کے لیے مثبت سمت نظر آتی ہے۔ انہوں نے سپر ٹیکس کے خاتمے سمیت مختلف شعبوں میں دی جانے والی مراعات اور ریئل اسٹیٹ و برآمدات کے شعبے کے لیے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر  بدھ کے روز جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے بلال فاروق تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں آبی وسائل کے بہتر استعمال اور مستقبل کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے ڈیمز اور آبی ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر بڑھانے اور ہائیڈرو پاور منصوبوں پر تیزی سے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ توانائی کے بحران پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مسائل کے حل کے لیے وسیع تر قومی سوچ اپنانی ہوگی اور سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہو گا،  تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر اور مستحکم پاکستان فراہم کیا جا سکے۔

بلال فاروق تارڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور دنیا بھر میں ملک کو ایک امن کے سفیر کے طور پر پہچان ملی ہے۔