اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی) : رکن قومی اسمبلی شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پیش کیا گیا بجٹ متوازن ہے اور اس میں نوجوانوں کے لیے کاروباری قرضوں، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
جمعرات کے روز قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے شاکر بشیر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کے فروغ اور قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سابق کھلاڑیوں سے بھی مشاورت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کم از کم پنشن میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریٹائرڈ ملازمین کو بہتر معیار زندگی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اپنے ضلع خوشاب کے حوالے سے ایم-2 موٹروے کو سی پیک روٹ سے منسلک کرنے کے منصوبے اور خوشاب-سرگودھا ڈوئل کیرج وے کے لیے جلد فنڈز جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے علاقے کی معاشی ترقی اور عوام کی سفری سہولت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارت کاری قابل تعریف رہی، جس سے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو تقویت ملی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن و استحکام کے فروغ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور اس کے ثمرات پاکستانی عوام تک بھی پہنچیں گے، جس سے مہنگائی میں کمی اور عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔











