ذوالفقار علی بھٹی کا نوجوانوں کی فنی تربیت اور زرعی شعبے کی ترقی پر زور

2

اسلام آباد، 19 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار منوایا ہے تاہم معاشی استحکام کے لیے نوجوانوں کی فنی تربیت، زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی، آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور بیوروکریسی میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر حلقے میں فنی تربیتی مراکز قائم کیے جائیں اور نوجوانوں کو صنعتوں سے منسلک کیا جائے تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ پر بھی زور دیا۔

ذوالفقار علی بھٹی نے سرگودھا کے لیے موٹروے لنک منصوبے، کنو کی برآمدات کے لیے خصوصی زون، ٹیکنالوجی پارک، نادرا مراکز، سڑکوں کی تعمیر اور ساندل ایکسپریس کی بحالی سمیت اپنے حلقے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد پر زور دیا ۔