قومی اسمبلی میں تاریخی قرارداد منظور: ایران–امریکہ امن معاہدے پر پاکستان کا کردار سراہا گیا

5

اسلام آباد 19جون(اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک اہم اور تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور امن و استحکام کے فریم ورک معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا۔

قرارداد وزیرِ قانون و انصاف  اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی اس سفارتی پیش رفت کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھتی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے سے نہ صرف علاقائی امن کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر اقتصادی استحکام اور توانائی کے تحفظ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

قرارداد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا گیا۔

ایوان نے کہا کہ ان سفارتی کوششوں کے باعث پاکستان ایک قابل اعتماد اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر عالمی سطح پر سامنے آیا ہے۔

قرارداد میں اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کی قیادت کو بھی مبارکباد دی گئی کہ انہوں نے کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

قرارداد پر ووٹنگ کے دوران ایوان میں اتفاقِ رائے پایا گیا اور اسپیکر نے اعلان کیا کہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اراکین نے اس پیش رفت کو خطے میں امن، سفارتکاری اور استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔