ملتان، 23 جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ہدایت کی ہے کہ بیوٹیفکیشن سکیموں پر اعلیٰ معیار اور باریک بینی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران منصوبوں کی تکنیکی جزئیات کا خود موقع پر جائزہ لیں اور ٹف ٹائلز، ڈرینج، لائٹس، پولز سمیت تمام اجزاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود بیوٹیفکیشن منصوبوں کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں ، اس لیے تمام سکیموں میں پرفیکشن اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل جلوسوں کے تمام روٹس سے ملبہ اور تعمیراتی سامان فوری ہٹایا جائے اور راستوں کو صاف، محفوظ اور ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک رکھا جائے۔











