ملتان میں گڈ گورننس کے لیے مشترکہ ایکشن پلان، ون ویلنگ، تجاوزات، گداگری اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

3

ملتان ,11 جولائی )اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گڈ گورننس ماڈل پر مؤثر عملدرآمد اور عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے ملتان میں تمام وفاقی و صوبائی محکموں پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد اقبال، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ اور غیر محفوظ سلنڈرز کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کو مزید مؤثر بنانے، سرکاری اراضی واگزار کرانے، پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لیے مشترکہ کریک ڈاؤن تیز کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں اینٹی سمگلنگ مہم کے تحت غیر قانونی اشیاء کی نقل و حمل روکنے کے لیے مؤثر اقدامات، نشہ آور اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور شجرکاری مہم کو مزید وسعت دینے کے فیصلے بھی کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل، قانون کی عملداری اور مؤثر گورننس ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔