ڈی سی  محمد اشرف کا مین بازار لودھراں میں بیوٹیفکیشن منصوبے کا معائنہ، بروقت و معیاری تکمیل یقینی بنانیکی ہدایت

5

لودھراں، 20 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے شہر کے مرکزی مین بازار میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبے اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ منصوبے کو بروقت، معیاری اور پائیدار انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق بازاروں کی بیوٹیفکیشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ٹائل ورک کی تکمیل سے مین بازار کے داخلی راستے کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ ریچارجنگ ویل اور انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی تعمیر سے بارش کے دوران تیز رفتار نکاسی آب ممکن ہوگی۔انہوں نے چشتی والی گلی کی سیوریج لائن کے لیے مطلوبہ میٹریل جلد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انڈر گراؤنڈ اسٹوریج سسٹم  کی تکمیل سے شہر میں نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ڈی سی محمد اشرف نے تاجروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحفظ میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دکانوں کے باہر سامان رکھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ بازاروں کی خوبصورتی، یکسانیت اور آمدورفت برقرار رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جدید طرز پر استوار کیے جانے والے بازار عملی طور پر ماڈل بازاروں کی شکل اختیار کریں گے۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ڈبل شفٹ میں لیبر تعینات کی جائے اور ہر مرحلے پر کوالٹی ورک کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مین بازار اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد محسن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔