پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ

2

لاہور، یکم اگست(اے پی پی): پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے اور پاکستان و امریکہ کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیر اہتمام ایک خصوصی بریفنگ سیشن منعقد کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔ تقریب میں امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کے 22 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر تجارت و سرمایہ کاری، سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی، محمد حنیف چنہ کی قیادت میں شرکت کی۔
بریفنگ سیشن میں ایس آئی ایف سی کے چار رکنی وفد، چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری منتہیٰ اشرف، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری زراعت، صنعتکاروں اور مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کو زراعت، توانائی، معدنیات، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے اس وقت بہترین ماحول اور موزوں مواقع موجود ہیں، جبکہ اسپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور امریکہ کے درمیان معاشی تعاون کے بے شمار امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خلا کم کرنے اور تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جدید زراعت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جبکہ پنجاب اور امریکہ جدید زرعی آلات کی تیاری، سویا بین کی کاشت اور سیڈ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں جدید زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے قائم کریں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ پنجاب میں تیار ہونے والے 90 فیصد جراحی آلات امریکہ اور کینیڈا برآمد کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس صنعت کی توسیع کے پیش نظر سیالکوٹ میں جدید سرجیکل سٹی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے لیے قائد آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ صوبے میں الیکٹرک موٹر بائیکس کی اسمبلنگ کے متعدد پلانٹس کام کر رہے ہیں اور کئی چینی کمپنیاں لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی قائم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اسی لیے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ گارمنٹ سٹی قائم کیا گیا ہے، جہاں امریکی اور پاکستانی کمپنیاں باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کر سکتی ہیں۔
بریفنگ سیشن میں شریک امریکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد میں ٹی آر جی انٹرنیشنل کے صدر حسنین اسلم، منرل الائنس کی مسز نکولے لوجرز، ٹینڈم ڈیفنس کی ڈائریکٹر مسز جیسیکا لائی کوز سمیت دیگر نمایاں سرمایہ کار شامل تھے۔